لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پناہ گزین ہونا کوئی جرم نہیں بلکہ ایک دردناک مجبوری ہوتی ہے۔ انسان اپنی مرضی سے نہیں بلکہ حالات کے ہاتھوں مجبور ہو کر گھر بار چھوڑتا ہے۔
عالمی یومِ پناہ گزین کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ کوئی بھی شوق سے مہاجر نہیں بنتا۔ کبھی جان بچانے کے لیے، کبھی جنگوں سے، اور کبھی ظلم و جبر سے تنگ آ کر لوگوں کو اپنا وطن، اپنی زمین اور اپنا گھر چھوڑنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنگیں ختم ہو جاتی ہیں لیکن مہاجرین کی بے وطنی نسلوں تک باقی رہتی ہے۔ فلسطین اور شام کے مظلوم پناہ گزین دنیا کے ضمیر کا امتحان ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ دنیا کو سمجھنا ہوگا کہ پناہ مانگنے والا کمزور نہیں بلکہ مظلوم ہوتا ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ فراخ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لاکھوں مہاجرین کو عزت سے جگہ دی، چاہے ہمارے وسائل محدود ہی کیوں نہ ہوں۔
وزیراعلیٰ نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان آئندہ بھی مظلوموں کی آواز بنتا رہے گا۔ آخر میں انہوں نے یہ دعا بھی کی کہ دنیا میں امن قائم ہو، ظلم ختم ہو، اور ہر انسان کو سکون اور سلامتی نصیب ہو۔