لاہور: پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ، رکشوں اور آن لائن کیبز میں کیو آر پینک بٹن نصب نہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق یومِ عاشور کے بعد کیو آر پینک بٹن آویزاں نہ کرنے والی پبلک ٹرانسپورٹ، آن لائن ٹیکسی سروسز اور رکشوں کے خلاف باقاعدہ کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق کیو آر پینک بٹن کی تنصیب اور آگاہی کے لیے پنجاب کے ہر ٹریفک سیکٹر میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جبکہ رکشوں میں اس سہولت کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے 12 علیحدہ ٹیمیں بھی مختص کی گئی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ کیو آر پینک بٹن کا مقصد مسافروں، بالخصوص خواتین اور کمزور طبقات کو ہنگامی صورتحال میں فوری مدد فراہم کرنا اور سفر کو مزید محفوظ بنانا ہے۔ شہریوں اور ٹرانسپورٹرز سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر اس سہولت کی تنصیب یقینی بنائیں تاکہ قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔