کراچی: تھائی لینڈ میں منعقدہ بین الاقوامی باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں پاکستان کے لیے اعزاز حاصل کرتے ہوئے سندھ پولیس کے کانسٹیبل اور ممتاز باڈی بلڈر اطہر جہاں نے برونز میڈل اپنے نام کر لیا۔
اطہر جہاں نے مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ماسٹرز باڈی بلڈنگ کیٹیگری میں گولڈ میڈل جبکہ اتھلیٹک فزیک کیٹیگری میں برونز میڈل حاصل کیا اور عالمی سطح پر پاکستان کا پرچم بلند کیا۔
بین الاقوامی ایونٹ میں کامیابی کے بعد کراچی پہنچنے پر جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اطہر جہاں کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر اہل خانہ، دوستوں، ساتھی پولیس اہلکاروں اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے انہیں پھولوں کے ہار پہنائے اور شاندار کامیابی پر مبارکباد دی۔
اطہر جہاں کا کہنا تھا کہ وہ اپنی کامیابی کو پاکستان اور سندھ پولیس کے نام کرتے ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ مستقبل میں بھی سخت محنت کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر ملک کے لیے مزید اعزازات حاصل کرنے کی کوشش جاری رکھیں گے۔
کھیلوں کے حلقوں اور شہریوں نے اطہر جہاں کی کامیابی کو نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک حوصلہ افزا مثال قرار دیتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔