اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کو ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سیدوف نے ٹیلیفون کیا۔
گفتگو کے دوران ازبک وزیر خارجہ نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہونے پر نائب وزیراعظم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر کی تعمیری کوششوں اور کردار کو سراہا۔
انہوں نے امن کے عمل میں پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو بھی قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے عالمی امن کے فروغ اور خطے میں استحکام کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے امید ظاہر کی کہ حاصل ہونے والی پیش رفت کو آئندہ مرحلے میں بھی جاری رکھا جائے گا، جس سے خطے اور دنیا میں پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ ملے گا۔
دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطے میں رہنے پر بھی اتفاق کیا۔