سندھ میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی

سندھ میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی
کیپشن: پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے 3 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: سندھ کی وزیر صحت عذرا افضل نے صوبے میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت کی تصدیق کر دی۔ آج پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 2 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے بھر میں مریضوں کی تعداد 80 ہو گئی جب کہ پاکستان میں مجموعی تعداد 451 تک جا پہنچی ہے۔

کورونا وائرس پاکستان سمیت دنیا کے 170 سے زائد ملکوں تک پھیل چکا ہے اور اب تک 10 ہزار سے زائد لوگ اس سے ہلاک ہو چکے ہیں۔پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے 3 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جن میں سے 2 کا تعلق خیبرپختونخوا جب کہ ایک کا سندھ سے ہے۔

صوبہ سندھ میں جمعرات کو مزید 37، پنجاب میں 45، بلوچستان میں 58، خیبر پختونخوا میں 4 اور گلگت میں 8 نئے کیسز سامنے آئے تھے۔

محکمہ صحت پنجاب کے مطابق صوبے میں 467 مریضوں کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 357 افراد میں کورونا کی تشخیص نہیں ہوئی جب کہ 80 افراد میں کورونا ٹیسٹ مثبت آیا اور 30 مریضوں کی رپورٹس کے نتائج آنا باقی ہیں۔

محکمہ صحت پنجاب نے بتایا کہ لاہور میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 15 ہے جب کہ راولپنڈی میں بھی کورونا کا پہلا کیس سامنے آ گیا ہے۔

سندھ حکومت کے مطابق اس وقت صوبے میں کورونا وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 238 ہے۔ سندھ حکومت کے حکام کا بتانا ہےکہ سکھر میں اب تک مجموعی طور پر 302 زائرین کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 151 کا نتیجہ مثبت اور 151 کا منفی آیا جب کہ ایک کیس کو دوبارہ ٹیسٹ کیا جارہا ہے۔

سندھ حکومت کے مطابق اس کے علاوہ 87 افراد کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور 3 صحت یاب ہوچکے ہیں جب کہ 84 مریض زیر علاج ہیں۔ بلوچستان میں کورونا وائرس کے جمعرات کو مزید 58 کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 81 ہو گئی ہے۔

ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے کورونا وائرس کے 58 نئے کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں اب تک 81 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

خیبرپختونخوا میں جمعرات کو مزید 4 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جن کے بعد صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 23 ہو گئی ہے۔

کورونا وائرس کے باعث خیبر پختونخوا میں ہونے والی دو ہلاکتوں کے بعد پشاور میں کینال روڈ کی ایک گلی کو قرنطینہ قرار دے دیا گیا ہے جب کہ مردان میں بھی یونین کونسل منگاہ کو لاک ڈاؤن کر کے داخلی و خارجی راستے پر پولیس تعینات کر دی گئی ہے۔

گلگت بلتستان میں جمعرات کو مزید 8 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد وہاں وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 21 ہو گئی ہے۔

اسلام آباد میں جمعرات کے روز 4 نئے کیس سامنے آئے جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں کورونا کے کیسز کی تعداد 7 ہو گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر میر پور آزاد کشمیر نے گزشتہ روز ایک شخص کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی۔

ڈی سی میر پور کا کہنا تھا کہ متاثرہ شخص 14 دن قبل ایران سے تفتان آیا تھا اور متاثرہ شخص کو 4 دن سے میر پور آئسولیشن وارڈ میں رکھا ہوا تھا۔