اسلام آباد : وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور این سی اوسی کے سربراہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم سے پچھلے دنوں جن افرادکارابطہ ہوا سب کے ٹیسٹ ہوں گے۔وزیراعظم ویکسین لگوانےسے پہلے کورونا کا شکار ہوئے تھے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم سے پچھلے دنوں جن افرادکارابطہ ہوا سب کے ٹیسٹ ہوں گے۔وزیراعظم عمران خان خود کو بہت فٹ رکھتے ہیں۔ وزیر اعظم نے کورونا صورتحال کے باعث جمعہ کو اپنے جلسے منسوخ کیے ہیں۔10 دن کے لگ بھگ قرنطینہ کا عرصہ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں ہونے والاوائرس زیادہ آسانی سے پھیلتا ہے۔ برازیل اور جنوبی افریقا پر سفری پابندیا ں لگا رہے ہیں۔ جو لوگ ان 2 ممالک میں رہ کر پاکستان آئیں گے انہیں روک دیا جائے گا۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ کورونا کی موجودہ لہر لندن کے وائرس کا نیاورژن ہے۔ اس وائرس سے اگر خاندان کا ایک فرد متاثر ہو تو باقی بھی ہو جاتے ہیں۔ پاکستان میں کورونامریضوں کی تعداد میں اضافہ کے پیش نظر مختلف فیصلے کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ویکسی نیشن کرنے والا عملہ لمبی ڈیوٹی دے رہاہے۔ ویکسین لگوانے سے آس پاس کے لوگوں اور گھر والوں کو کم خطرہ ہوتا ہے۔وفاق ویکیسن منگوا کر صوبوں کو فراہم کرتا ہے۔تمام صوبوں نےکورونا ایس اوپیز کے حوالے سے سخت محنت کی ہے۔تین ہفتے بعد ویکسین لگوانے والوں کی دوبارہ ویکسی نیشن کی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا ہے۔ معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے دو دن پہلے عالمی وباء کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسین لگوائی تھی۔