کویتی وزیر خارجہ اور پاکستان کا دورہ کرنیوالے وفد نے بھی خود کو قرنطینہ کر لیا

کویتی وزیر خارجہ اور پاکستان کا دورہ کرنیوالے وفد نے بھی خود کو قرنطینہ کر لیا
کیپشن: کویتی وزیر خارجہ اور پاکستان کا دورہ کرنیوالے وفد نے بھی خود کو قرنطینہ کر لیا
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کویتی وزیر خارجہ اور پاکستان کا دورہ کرنے والے کویتی وفد نے بھی قرنطینہ کر لیا۔

وزیراعظم نے کویت کے وزیر خارجہ سے ملاقات کی جس میں ان کے ساتھ دستاویزات کا بھی تبادلہ بھی ہوا تھا۔وزیراعظم عمران خان میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد وہ قرنطینہ میں ہیں۔ 

وزیراعظم نے جمعرات کو ویکسین لگوائی اور پھر اسی دن اسلام آباد میں ہاؤسنگ اسکیم کا افتتاح بھی کیا جس میں زلفی بخاری کے علاوہ پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے حکام بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔ 

خیال رہے کہ آج وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان کی جانب سے بھی اس خبر کی تصدیق کی گئی۔ ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا جس کے بعد وہ اپنے گھر میں ہی قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔

وزیراعظم کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی وزیراعظم عمران خان کے کورونا سے جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے بھی وزیراعظم عمران خان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پر اپنے بیان میں احسن اقبال کا کہنا تھا کہ دعا ہےعمران خان جلدکورونا سے صحت یاب ہوں۔ ہمیں بطور لیڈر احتیاطی تدابیر اختیارکرنی چاہیے اور ماسک پہننا چاہیے۔

مولانا طارق جمیل نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ مجھے پتا چلا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اس پر ہم ان کی صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔ طارق جمیل نے دعا کی کہ اللّٰہ تعالیٰ انہیں جلد مکمل صحت کے ساتھ تندرستی عطا کرے۔

وزیراعظم میں کورونا کی تشخیص کے بعد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔