بدین: پی ایس 70 ماتلی میں ضمنی الیکشن ،ووٹنگ کا عمل شروع کر دیا گیا

Badin: By-election will be held today in PS 70 Matli, all preparations have been completed
کیپشن: فائل فوٹو

بدین: صوبہ سندھ کے حلقہ پی ایس 70 ماتلی میں ضمنی الیکشن کیلئے ووٹنگ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ اس ضمنی الیکشن میں کل چھ امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ تاہم اصل مقابلہ پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار حاجی محمد ڈاڈا ہالیپوٹا اور جمیعت علمائے اسلام کے امیدوار مولانا گل حسن کے درمیان متوقع ہے۔

تمام پولنگ سٹیشنز پر گزشتہ روز ہی انتخابی سامان کی ترسیل مکمل کر لی گئی تھی جبکہ سیکیورٹی فراہم کرنے کے لئے پولیس اور رینجرز کے جوان مختلف پولنگ سٹیشنوں پر تعینات ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ پی ایس 70 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 66 ہزار 809 ہے۔

ضمنی الیکشن کیلئے 123 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جس میں سے 41 پولنگ سٹیشن حساس جبکہ 12 انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ پی ایس 70 کی نشست پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی بشیر احمد ہالی پوٹا کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔

ضمنی الیکشن میں گرینڈ ڈیمو کریٹک الاٸنس کے شاہد ورک، مجلس وحدت المسلمین کے اسد لغاری بھی حصہ لے رہے ہیں جبکہ تحریک لبیک پاکستان کے پیر محمد علی جان سرھندی اور آزاد امیدوار عبدالعزیز ہالی پوٹا بھی ضمنی الیکشن میں امیدوار ہیں۔

حلقہ پی ایس 70 میں آبادی 4 لاکھ 73 ہزار سے زائد نفوس پر مشتمل ہے۔ حلقہ پی ایس 70 ماتلی میں مرد ووٹرز کے رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد 91 ہزار 587 جبکہ خواتین ووٹرز کے رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد 75 ہزار 222 ہے۔