کورونا وائرس کا پھیلاؤ، محکمہ صحت پنجاب نے مزید 2 ہفتے مکمل لاک ڈاؤن کی تجویز دیدی

کورونا وائرس کا پھیلاؤ، محکمہ صحت پنجاب نے مزید 2 ہفتے مکمل لاک ڈاؤن کی تجویز دیدی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے عائد کئے گئے لاک ڈاؤن میں نرمی کے معاملے پر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) اور محکمہ صحت پنجاب آمنے سامنے آگئے ہیں اور محکمہ صحت پنجاب نے مزید 2 ہفتے کیلئے مکمل لاک ڈاؤن لگانے کی تجویز دیدی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت پنجاب نے ریسٹورنٹ کے باہر آؤٹ ڈور ڈائننگ کیلئے 8 فیصد سے زائد شرح والے شہروں پر 30 مئی تک پابندی کی سفارش کردی ہے جبکہ این سی او سی نے 24 مئی سے ریسٹورنٹ کیلئے آؤٹ ڈور ڈائنگ کی اجازت دے رکھی ہے اور اس کیساتھ ہی جم ابھی تک بند رکھنے کی سفارشات بھی کی ہیں۔ 
محکمہ صحت پنجاب نے مزید دو ہفتے تک کیلئے مکمل لاک ڈاؤن کی ممکنہ سفارشات پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ ہفتے کورونا کے کیسز کی شرح میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے اور اس صورت میں بھی دو ہفتے کیلئے مکمل لاک ڈاؤن لگانا پڑے گا، محکمہ صحت پنجاب کی سفارشات پنجاب کابینہ برائے انسداد کورونا کے سامنے پیش کر دی گئی ہیں۔ 
دوسری جانب لاہور میں کورونا سے مزید 27 اموات رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ 483 نئے مریض بھی سامنے آئے ہیں جس کے بعد ہسپتالوں میں زیر علاج مجموعی مریضوں کی تعداد 692 ہو گئی ہے۔ شہر کے مختلف ہسپتالوں میں 427 کورونا کے کنفرم اور 265 مشتبہ مریض زیر علاج ہیں، 183 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جو وینٹی لیٹر پر زیر علاج ہیں۔ 
ذرائع کے مطابق سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں کے کورونا آئی سی یوز کے 59 فیصد بیڈز پر کورونا کے مریض موجود ہیں جبکہ ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس کے 26 فیصد بیڈز پرمریض زیر علاج ہیں اور محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ اگر کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کی شرح ایسے ہی رہی تو ہسپتالوں پر دباؤ بہت زیادہ بڑھ جائے گا۔ 
واضح رہے گزشتہ روز وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا جائزہ اجلاس ہوا، معاون خصوصی صحت، وزیر صحت سندھ اور تمام صوبوں کے چیف سیکریٹریز نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی، اجلاس میں 24 مئی سے مختلف سیکٹرز کھولنے، ریسٹورنٹس میں آؤٹ ڈور سروس اور سیاحتی مقامات کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔ 
علاوہ ازیں5 فیصد سے کم شرح والے اضلاع میں تعلیمی اداروں کو بھی کھولنے کا عندیہ دیا گیا جبکہ شادی ہالز کو بھی آؤٹ ڈور تقریبات کی اجازت ہو گی تاہم اس میں زیادہ سے زیادہ 150 افراد ہی شرکت کر سکیں گے البتہ اس معاملے میں حتمی فیصلہ 27 مئی کو ہی کیا جائے گا۔ 
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ایس او پیز کے ساتھ سیاحتی مقامات کھولنے کی اجازت دینے کے علاوہ ریسٹورنٹس کو رات 12 بجے تک آؤٹ ڈور سروس کی اجازت بھی دی ہے، اس کے علاوہ ریسٹورنٹس سے ٹیک اوے کی 24 گھنٹے اجازت ہو گی البتہ مزارات، سینماءہالز، انڈور ڈائننگ، انڈور جم اور پارکس بدستور بند رہیں گے۔