Get Alerts

پاکستان نے گولڈن ٹیمپل کو نشانہ بنانے کے بھارتی الزام کو مسترد کر دیا

پاکستان نے گولڈن ٹیمپل کو نشانہ بنانے کے بھارتی الزام کو مسترد کر دیا

اسلام آباد :  پاکستان نے بھارت کی جانب سے سکھوں کے مقدس مقام گولڈن ٹیمپل کو نشانہ بنانے کی کوشش کے الزام کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیاد اور بدنیتی پر مبنی قرار دیا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت کا دعویٰ کہ پاکستان نے گولڈن ٹیمپل کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، سراسر من گھڑت اور حقائق کے منافی ہے۔ ترجمان کے مطابق گولڈن ٹیمپل سکھ عقیدے کا سب سے زیادہ قابل احترام مقام ہے اور پاکستان سکھ مذہب کے مقدس مقامات کا قابل فخر محافظ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت خود مذہبی عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے کی تاریخ رکھتا ہے، اور حالیہ دنوں میں 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب پاکستان میں بھی مختلف عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کی عالمی سطح پر مذمت ہونی چاہیے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت کے اس قسم کے بے بنیاد الزامات کا مقصد دنیا کی توجہ اپنے اندرونی مظالم اور اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک سے ہٹانا ہے۔ پاکستان مذہبی ہم آہنگی پر یقین رکھتا ہے اور ہر سال دنیا بھر سے ہزاروں سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کرتارپور راہداری کے ذریعے سکھ یاتریوں کو گوردوارہ دربار صاحب تک ویزہ فری رسائی فراہم کر رہا ہے، جو بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی آزادی کی ایک روشن مثال ہے۔ پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارتی پراپیگنڈے کا نوٹس لے اور مذہبی مقامات کے احترام کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرے۔

ٹیگز: