نیویارک: فاسٹ فوڈ کے شوقین افراد کے لیے تشویشناک خبر سامنے آئی ہے۔ ایک نئی بین الاقوامی طبی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ محض چند بار زیادہ چکنائی اور نمک والی غذاؤں کے استعمال سے معدے میں ایسا ورم پیدا ہو سکتا ہے جو وقت کے ساتھ دائمی بیماری کی شکل اختیار کر لیتا ہے۔
یہ تحقیق معروف طبی جریدے "امیونٹی" (Immunity) میں شائع ہوئی ہے اور اسے معدے کی صحت پر فاسٹ فوڈ کے اثرات سے متعلق دنیا کی پہلی تحقیق قرار دیا جا رہا ہے۔
چند دنوں میں ہی نقصان شروع
تحقیق کے دوران سائنس دانوں نے چوہوں پر تجربات کیے اور دریافت کیا کہ صرف چند مرتبہ زیادہ چکنائی والی خوراک کھانے سے ہی معدے کی اندرونی سطح متاثر ہونے لگتی ہے۔ خاص طور پر ایک اہم پروٹین IL-22 کی پیداوار میں کمی واقع ہوتی ہے، جو معدے میں ورم کو کنٹرول کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
علامات برسوں بعد ظاہر ہوتی ہیں
ماہرین نے بتایا کہ ابتدا میں یہ ورم خاموشی سے جنم لیتا ہے اور انسان کو کسی قسم کی علامت محسوس نہیں ہوتی، مگر وقت کے ساتھ ساتھ یہ دائمی ورم میں تبدیل ہو جاتا ہے، جس سے معدے کا قدرتی دفاعی نظام بھی کمزور ہونے لگتا ہے۔
صحت مند خوراک کی ضرورت
تحقیق کرنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس مطالعے کے نتائج سے یہ سمجھنے میں مدد ملی ہے کہ غذائی عادات کس طرح انسانی صحت، خاص طور پر نظامِ انہضام پر گہرا اثر ڈالتی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ فاسٹ فوڈ کا استعمال کم کر کے قدرتی، تازہ اور متوازن غذا اپنانا ہی صحت مند زندگی کا راز ہے۔
شعور اجاگر کرنے کی امید
محققین نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ اس تحقیق کے نتائج عوام میں صحت بخش خوراک سے متعلق شعور اجاگر کریں گے اور لوگ اپنی روزمرہ کی غذائی عادات پر نظر ثانی کریں گے۔