واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے اہم گفتگو کرتے ہوئے ایران کو سخت ترین الفاظ میں انتباہ جاری کیا ہے کہ اگر تہران نے ڈیل نہ کی تو اسے اس کے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔ صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ ایران کے معاملے پر ان کے اور اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے درمیان مکمل اتفاقِ رائے پایا جاتا ہے۔ انہوں نے نیتن یاہو پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "اسرائیلی وزیر اعظم کو جو کچھ بھی کہا جائے گا، وہ وہی کریں گے۔"
چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ حالیہ ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے امریکی صدر نے اسے انتہائی بہترین اور مثبت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے مابین اہم ترین امور پر گفتگو ہوئی ہے۔ ٹرمپ نے چینی صدر کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ایک "بہت اچھا آدمی" بھی قرار دیا۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران صدر ٹرمپ نے سیکیورٹی اور نئی تعمیرات کے حوالے سے بھی ایک اہم انکشاف کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک بہت ہی زبردست بال روم تیار کیا جا رہا ہے جس کی وائٹ ہاؤس کو شدید ضرورت تھی۔ صدر ٹرمپ نے اس بال روم کی خاصیت بتاتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی کے پیشِ نظر اسے خصوصی طور پر ڈرون پروف بنایا جا رہا ہے، جس کے بعد یہ جگہ انتہائی محفوظ ہوگی۔