پاکستان جنوبی ایشیا میں اہم اتحادی، تعلقات میں تبدیلی نہیں آئی، پینٹا گون

پاکستان جنوبی ایشیا میں اہم اتحادی، تعلقات میں تبدیلی نہیں آئی، پینٹا گون
کیپشن: دونوں ملکوں کے باہمی عسکری تعلقات میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں آئی، پینٹا گون۔۔۔۔فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکی محکمہ دفاع نے کہا ہے کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں امریکا کا اہم اتحادی ہے اور عسکری تعلقات میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں آئی۔ پرامن اور مستحکم افغانستان کیلئے پاکستان کا کردار کلیدی ہے۔

امریکی محکمہ دفاع پینٹا گون کی جانب سے جاری کردہ بیان میں پاکستان کے کردار کی اہمیت ایک مرتبہ پھر تسلیم کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں امریکہ کا اہم اتحادی ہے اور دونوں ملکوں کے باہمی عسکری تعلقات میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں آئی۔

افغانستان کے تناظر میں پینٹا گون نے پاکستان کی تعریف کی پالیسی برقرار رکھی ہے اور کہا ہے کہ افغان تنازع کے حل کیلئے پاکستان کی اہمیت مسلم اور اسکا کردار کلیدی ہے۔

واضح رہے گزشتہ روز امریکی صدر ٹرمپ نے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا تھا کہ اربوں ڈالرز دینے کے باوجود پاکستان نے امریکہ کیلئے کچھ نہیں کیا۔ انھوں نے الزام دھرتے ہوئے کہا تھا کہ اسامہ بن لادن کی ایبٹ آباد میں رہائش کے حوالے سے پاکستانی حکام مکمل آگاہ تھے۔ جس پر وزیراعظم عمران خان نے جوابی ٹویٹ کرتے ہوئے واشگاف الفاظ میں امریکی صدر کو تاریخی حقائق یاد کروائے کہ پاکستان کو صرف 20 ارب ڈالر دے کر ٹرخا دیا گیا جبکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا 123 ارب ڈالرز کا نقصان ہوا اور ایک لاکھ کے قریب انسانی جانوں کی قربانی دی۔