Get Alerts

افغانستان بھارت کیساتھ تعلقات رکھے، پاکستان کو کوئی اعتراض نہیں: وزیر خارجہ

Pakistan has no objection to Afghanistan-India relations: Shah Mehmood Qureshi
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان بھارت کے ساتھ تعلقات رکھے یا تجارت کرے پاکستان کو اس پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔

دورہ افغانستان سے واپسی کے بعد آج میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا دورہ کابل نہایت اہم تھا، بہت کامیاب رہا۔ دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور تجارت کو بہتر بنانے پر کامیاب مذاکرات ہوئے۔ افغان صدر کو دورے کی دعورت دی ہے، وہ جلد پاکستان آئیں گے۔

ان کا کہنا پاکستان افغانستان میں قیام امن کیلئے کوششیں جاری رکھے گا۔ دہشت گردی کیلئے دونوں ملک یا کسی تیسرے کو بھی اجازت نہیں دیں گے۔ افغانستان کے انٹرا ڈائیلاگ کی سیاسی کامیابی چاہتے ہیں۔ افغانستان میں قیام امن کیلئے کردار ادا کرتے رہیں گے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امن سے باہمی روابط کے امکانات بڑھیں گے۔ افغانستان کے ساتھ تجارتی معاہدوں میں بہتری چاہتے ہیں۔ افغانستان بھارت کے ساتھ تعلقات رکھے، تجارت کرے پاکستان کو کوئی اعتراض نہیں ہے۔ تاہم بھارت کو اجازت نہیں دیں گے وہ افغان زمین پاکستان کیخلاف استعمال کرے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغانستان کے تمام دھڑوں کو مل کر بیٹھنا ہوگا۔ چاہتے ہیں سی پیک کے منصوبوں میں ریجنل سرمایہ کاری ہو۔ امریکا بھی چاہتا ہے افغانستان کا مسئلہ سیاسی بنیادوں پر آگے بڑھے۔ وزیراعظم نے مثبت پیغام دیا اور افغانستان سے بھی مثبت پیغام ملا ہے۔