Get Alerts

کیریئر کے عروج پر شدید ذہنی دباؤ کا شکار رہی ، لیڈی گاگا کا انکشاف

کیریئر کے عروج پر شدید ذہنی دباؤ کا شکار رہی ، لیڈی گاگا کا انکشاف

کیلیفورنیا: معروف امریکی گلوکارہ اور اداکارہ لیڈی گاگا نے پہلی بار اعتراف کیا ہے کہ اپنے کیریئر کے عروج پر وہ شدید ذہنی صحت کے بحران سے گزر رہی تھیں۔ 39 سالہ فنکارہ نے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ اگرچہ وہ شہرت اور کامیابی کی انتہا پر تھیں، لیکن اس دوران ان کی ذہنی حالت انتہائی غیر مستحکم تھی۔

لیڈی گاگا نے کہا کہ آج وہ پہلے سے کہیں زیادہ بہتر اور متوازن ہیں، اور اس بہتری کا کریڈٹ وہ اپنی تھیراپی اور منگیتر کی مسلسل حمایت کو دیتی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق، اپنے حالیہ میوزک ٹور کے دوران انہیں شدید گھبراہٹ کے دورے پڑے، جس کے باعث انہیں اپنا ورلڈ ٹور منسوخ کرنا پڑا اور فوری طور پر علاج کروانا پڑا۔

انہوں نے بتایا، “ایک موقع پر مجھے نفسیاتی علاج کے لیے اسپتال جانا پڑا، میں بالکل ٹوٹ گئی تھی، کچھ کرنے کے قابل نہیں رہی تھی۔ ایک وقت ایسا بھی آیا جب مجھے لگا کہ میں کبھی ٹھیک نہیں ہو سکوں گی۔ میں آج زندہ ہوں، یہ میرے لیے خوش قسمتی کی بات ہے۔”

لیڈی گاگا نے مزید کہا کہ ذہنی دباؤ نے ان کے کیریئر پر بھی منفی اثر ڈالا۔ “جب میں سٹیج پر ہوتی تھی تو اپنے مداحوں کے سامنے صرف 90 سیکنڈ کے لیے خود کو گھبراہٹ کے دورے سے بچانے کی کوشش کرتی تھی۔” انہوں نے بتایا کہ اب وہ مسلسل پیشہ ورانہ ذہنی مدد حاصل کر رہی ہیں اور چاہتی ہیں کہ لوگ ذہنی صحت کے مسائل کو سنجیدگی سے لیں۔

ٹیگز: