اسلام آباد/باغ: وزیراعظم شہباز شریف نے باغ میں دانش سکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے مئی میں بھارت کو جواب دیتے ہوئے گھٹنوں کے بل گرایا اور اس میں مسلح افواج نے بھارت کو جنگ میں زناٹے دار تھپڑ رسید کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کامیابی پر امریکی کانگریس نے بھی پاکستان کی جیت پر مہر لگائی اور امریکی صدر نے بار بار بھارتی طیارے گرانے کا ذکر کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ سب اللہ کے کرم اور فیلڈ مارشل کی شاندار قیادت کی وجہ سے ممکن ہوا۔ فیلڈ مارشل نے بلا خوف اور کھلے دل سے مشاورت کے ذریعے فیصلے کیے، جس سے قوم کی حفاظت یقینی بنی۔
شہباز شریف نے اعلان کیا کہ آزادکشمیر میں دانش سکولوں کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا تاکہ بچوں کو مفت اور معیاری تعلیم فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات علاقے کے تعلیمی اور سماجی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔