اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کی خالی نشست این اے-18 ہری پور میں ضمنی الیکشن کے سلسلے میں پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کو طلب کر لیا۔ کمیشن نے اس ضمن میں سیکرٹری دفاع اور سیکرٹری داخلہ کو خطوط بھی ارسال کیے تاکہ فول پروف سکیورٹی فراہم کی جا سکے۔
الیکشن کمیشن کے جاری بیان کے مطابق، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے اپنے بیان میں ضلعی انتظامیہ، پولیس اور انتخابی عملے کو دھمکایا اور جلسے میں موجود عوام کو اکسانے کی کوشش کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کے ہمراہ ایک مفرور مجرم بھی موجود تھا، جس کی اہلیہ انتخابات میں حصہ لے رہی ہے۔
کمیشن نے کہا کہ صوبے کے چیف ایگزیکٹو کے غیر ذمہ دارانہ رویے کے باعث این اے-18 میں پرامن ضمنی انتخاب کا انعقاد مشکل ہو گیا، اور الیکشن ڈیوٹی پر مامور عملے اور ووٹروں کی جان کو خطرہ لاحق ہوا۔
الیکشن کمیشن نے صوبائی الیکشن کمشنر کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر چیف سیکرٹری اور آئی جی سے ملاقات کریں اور ضروری حفاظتی اقدامات کے بعد رپورٹ پیش کریں۔