اسلام آباد: بچوں کے عالمی دن کے موقع پر یونیسف کی پاکستان سفیر صبا قمر نے کہا کہ ہر بچے کو اپنے مستقبل کے فیصلوں میں رائے دینے کا حق حاصل ہونا چاہیے۔ انہوں نے انسٹاگرام پر جاری ویڈیو میں بچوں کے حقوق، محفوظ ماحول اور صحت مند پرورش پر زور دیا۔
صبا قمر نے کہا کہ پاکستان میں 1 کروڑ 90 لاکھ سے زائد کم عمر لڑکیوں کی شادیاں ہو چکی ہیں اور نصف نوجوان لڑکیاں اپنی 18ویں سالگرہ سے پہلے حاملہ ہو جاتی ہیں، جو ماں اور بچے دونوں کے لیے خطرناک ہے۔
یاد رہے کہ صبا قمر کو 2024 میں یونیسف نے پاکستان میں بچوں کے حقوق کے لیے اپنا پہلا قومی سفیر مقرر کیا تھا، اور وہ بچوں کے حقوق کے لیے اپنی آواز بلند کر رہی ہیں۔