اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیے جائیں گے۔ خیبرپختونخوا کے عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جس بہادری سے دہشت گردی کے ناسور کا مقابلہ کیا ہے، وہ قابلِ تحسین ہے۔
یہ بات انہوں نے پیر کے روز گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں ملک کی داخلی سلامتی، فتنۂ الخوارج کے خلاف جاری آپریشنز اور پاک افغان سرحدی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین سے فتنۂ ہندوستان کا مکمل خاتمہ کر کے دم لیں گے۔ انہوں نے دہشتگردوں کو "درندہ صفت عناصر" قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف آپریشنز بھرپور طریقے سے جاری رہیں گے۔
وزیر داخلہ اور گورنر نے دہشتگردی کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک میں دیرپا امن کے قیام تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔