پاکستان میں موجود قدرتی ذخائر سے متعلق وزیر اعظم کا انقلابی اقدام 

پاکستان میں موجود قدرتی ذخائر سے متعلق وزیر اعظم کا انقلابی اقدام 

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت ملکی معدنیات کے ذخائر سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے جامع حکمت عملی بنا رہی ہے،پاکستان میں انتہائی قیمتی قدرتی ذخائر موجود ہیں ایسی معدنیات کو تلاش کر کے پاکستان دن دگنی اور رات چوگنی ترقی کر سکتا ہے ۔

وزیر اعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں شرکا کو ملکی معدنیات کے ذخائر پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی ،اجلاس میں بتایا گیا کہ شعبے کو درپیش مسائل کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ قانونی و انتظامی ڈھانچے، اور سرمایہ کاری کے مواقع کے فروغ کے  ساتھ ساتھ ماحولیاتی تحفظ  کو بھی مدنظر رکھ کر  پروگرام مرتب کیاجا رہا ہے۔ملک میں چٹانی نمک، چونے کا پتھر، جپسم، چینی مٹی، سلیکا ریت اور کئی دوسری صنعتی معدنیات کے ذخائر موجود ہیں۔

اجلا س میں بریفنگ  کے دوران بتا یا گیا کہ پاکستان میں کرومائٹ، تانبے، سونے، چاندی، لوہے، لیڈ اور زنک کے دھاتی ذخائر موجود ہیں،سنگِ مرمر، گرینائٹ اور ریت کے پتھر کے بھی وسیع ذخائر کی موجودگی سے اجلاس کو آگاہ کیا گیا۔ اسکے علاوہ پکھراج، زمرد، روبی، ٹورمالین  (ترمری) اور ایکوامیرائن  (نیلگوں بلور) جیسے قیمتی پتھر اور کوئلے کے ذخائر بھی وافر مقدار میں موجود ہیں۔


اجلاس کو بتایا گیا کہ چنیوٹ اور کالا باغ میں  لوہے کے ذخائر پر سرمایہ کاری کیلئے حکمتِ عملی حتمی مراحل میں ہے۔اجلاس کو چاروں صوبوں کے علاوہ گلگت بلتستان میں بھی موجود ممکنہ ذخائر کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔شعبے کی ترقی کیلئے تحقیق کے فروغ  کیلئے اقدامات بھی پروگرام میں شامل ہونگے۔

وزیرِ اعظم نے پروگرام کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کی بھرپور صلاحیت موجود ہے. پاکستان قدرتی وسائل سے مالامال ہے اور ان سے فائدہ اٹھانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔