پی ڈی ایم کی اسٹرینگ کمیٹی کا اجلاس ،حکومت کیخلاف اہم فیصلہ 

PDM,Shahid Khaqqan Abbasi,PPP,PMLN,White Paper

اسلام آباد:پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کی اسٹرینگ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہو ا جس میں حکومت مخالف تحریک کے ملک گیر جلسوں کا شیڈول طے کر لیا گیا ،اجلاس میںمیثاق پاکستان کے ایجنڈے کی تکمیل کے لیے کمیٹی قائم کر دی گئی ۔

نمائندہ نیو نیوز کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی اسٹرینگ کمیٹی کا اجلاس ن لیگ سیکرٹریٹ میں احسن اقبال کی زیر صدارت ہوا ،کمیٹی نے حکومت مخالف تحریک کے آئندہ مراحل اور  ملک گیر جلسوں پر تفصیلی مشاورت کی اور ملک گیر جلسوں  کا شیڈول طے کیا،شاہد خاقان عباسی نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سفارشات حتمی منظوری کے لیے اٹھائیس اگست کو پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں پیش کی جائیں گی ، انتیس اگست کو کراچی میں پی ڈی ایم کے تحت جلسہ ہوگا، حکومت کی تین سالہ بد ترین کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کریں  گے۔

شاہد خاقان نے کہا کہ طالبان کو خوش آمدید کہنے کا مولانا کا فیصلہ ذاتی اور جماعت کا ہے پی ڈی ایم کا نہیں ہے ،انہوں نے کہاہم سمجھتے ہیں کہ حکومت طالبان سے متعلق پالیسی کے لیے پارلیمنٹ کو اعتماد میں لے اور ایک پالیسی پارلیمان کے ذریعے بنائی جائے ۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کا یہ ایجنڈا ہے کہ ملک کو آئین اور قانون کے تحت چلایا جائے تمام ادارے اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کریں ،ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ہم حکومت کی یکطرفہ الیکشن اصلاحات کو مسترد کرتے ہیں ،یہ الیکشن کی چوری کو مزیدتحفظ دینے کیے لیے معاون ثابت ہو گی ہم اس کو نہیں مانتے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ حکومت میڈیا پر پابندی عائد کر رہی ہے ،ہم میڈیا کی آزادی سلب کرنے کی حکومتی کوششوں کو مسترد کرتے ہیں میڈیا کے بغیر جمہوریت نہیں چل سکتی ہم میڈیا کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔