Get Alerts

سلامتی کونسل کی دہشت گرد فہرست میں صرف مسلمان کیوں؟ عاصم افتخار کا اقوام متحدہ میں سوال

سلامتی کونسل کی دہشت گرد فہرست میں صرف مسلمان کیوں؟ عاصم افتخار کا اقوام متحدہ میں سوال

نیویارک : اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عالمی برادری کی توجہ ایک اہم اور حساس مسئلے کی طرف مبذول کرائی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل تقریباً تمام افراد مسلمان ہی کیوں ہیں؟

عاصم افتخار نے کہا کہ "یہ بات نہ صرف سمجھ سے بالاتر ہے بلکہ مکمل طور پر ناقابل قبول بھی ہے کہ دہشت گردوں کی اس فہرست میں ایک بھی غیر مسلم شامل نہیں۔ یہ رویہ عالمی سطح پر دہرا معیار ظاہر کرتا ہے، جسے تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ غیر مسلم انتہا پسند اور دہشت گرد اکثر احتساب سے بچ نکلتے ہیں، جو انصاف اور عالمی امن کے اصولوں کے منافی ہے۔ انہوں نے مختلف علاقائی دہشت گرد تنظیموں جیسے تحریک طالبان پاکستان (TTP)، بلوچ لبریشن آرمی (BLA)، اور مجید بریگیڈ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان گروہوں کی سرگرمیاں نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لیے شدید خطرہ ہیں۔

عاصم افتخار نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اگرچہ افغان عبوری حکومت داعش خراسان کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہے، تاہم ٹی ٹی پی اور بلوچ عسکریت پسند گروہ اب بھی افغانستان کے غیر حکومتی علاقوں میں پناہ لئے ہوئے ہیں، جو خطے میں امن و استحکام کے لیے بڑا چیلنج ہے۔

انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف عالمی حکمت عملی کو غیر جانبدار، متوازن اور شفاف بنایا جائے، اور مذہب کی بنیاد پر امتیاز کا خاتمہ کیا جائے۔

ٹیگز: