Get Alerts

پاکستان اور چین کا ہر سطح پر تعاون بڑھانے اور عالمی فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان

پاکستان اور چین کا ہر سطح پر تعاون بڑھانے اور عالمی فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان

اسلام آباد :پاکستان اور چین کے وزرائے خارجہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دونوں ممالک نہ صرف دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط کریں گے بلکہ عالمی سطح پر بھی ایک دوسرے کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔

اسلام آباد میں چھٹے پاک چین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا کہ خطے کے امن، استحکام اور ترقی کے لیے مل کر کام کرنا دونوں ممالک کی مشترکہ ترجیح ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات خالصتاً بھائی چارے اور اعتماد پر مبنی ہیں۔ انہوں نے وانگ ژی کی پاکستان آمد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج کی ملاقات میں سی پیک فیز 2، دوطرفہ تعلقات، عوامی روابط اور وزیراعظم پاکستان کے آئندہ دورہ چین جیسے اہم امور پر بات چیت ہوئی۔

چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری مضبوط ہو رہی ہے اور سی پیک، تجارت، معیشت اور عوامی روابط جیسے شعبوں میں تعاون مزید وسعت اختیار کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعظم پاکستان کے بیجنگ کے دورے کے منتظر ہیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق، ڈائیلاگ کے دوران دونوں جانب سے پاک چین تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا اور خطے و عالمی سطح کے اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ٹیگز: