اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ضمانت ملنے کا مطلب یہ نہیں کہ ملزم بری ہو گیا، یہ خود کو بیوقوف بنا رہے ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ بانی تحریک انصاف 190 ملین پاؤنڈ کے میگا کرپشن کیس میں ملوث ہیں اور شواہد کی بنیاد پر انہیں 14 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عدالت میں یہ نہیں بتا سکے کہ اربوں روپے کسی پراپرٹی ٹائیکون کو کس مد میں دیے گئے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ضمانت پر شادیانے بجانا بے وقوفی ہے کیونکہ ضمانت تو ڈکیت کو بھی ملتی ہے، لیکن کیس کا ٹرائل ابھی جاری ہے۔ ضمانت کا مطلب کیس کا فیصلہ نہیں ہوتا، اس لیے خوشیاں منانا مناسب نہیں۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی منصوبہ بندی بھی باقاعدہ ہوئی اور بانی پی ٹی آئی ابھی باہر آنے والے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضمانت اور بریت میں فرق سمجھنا ضروری ہے، اور یہ لوگ عدالت میں اپنے دفاع میں کچھ بھی ثابت نہیں کر سکے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ 190 ملین پاؤنڈ کا گھپلا بند لفافے کی کابینہ سے منظوری کے ذریعے کیا گیا، جس کی تحقیقات ہونی چاہیے۔