لاہور : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے لاہور ایئرپورٹ کا دورہ کیا اور وہاں ہونے والے امیگریشن عمل کا جائزہ لیا۔ دونوں وزیروں نے ایئرپورٹ پر موجود امیگریشن کاؤنٹرز پر جا کر بیرون ملک جانے والے مسافروں سے ملاقات کی اور ان سے امیگریشن کے عمل کے بارے میں پوچھا۔
محسن نقوی نے امیگریشن کاؤنٹر پر ایف آئی اے کے اہلکار کو ان کی اچھی کارکردگی پر شاباش دی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ ایک مسافر نے چیکنگ میں تاخیر کی وجہ سے اپنی بورڈنگ کی بندش کی شکایت کی، جس پر وزیر داخلہ نے فوری طور پر متعلقہ حکام کو کویت جانے والے مسافر کی بورڈنگ کرانے کے احکامات دیئے۔
اس دوران، مسافروں نے وزرائے داخلہ کو بتایا کہ امیگریشن کا عمل کچھ ہی منٹوں میں مکمل ہو رہا ہے، جو ایک خوش آئند بات تھی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے مسافروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "پاکستان کی عزت اور آپ کی سہولت سب سے زیادہ عزیز ہے، اور کسی بھی مسافر کو بلاجواز سفر سے نہیں روکا جائے گا۔ تاہم، پیشہ ور بھکاری یا نامکمل دستاویزات والے افراد کو سفر کی اجازت نہیں دی جا سکتی، کیونکہ پاکستان کی بدنامی کا باعث بننے والوں کا مقام جیل ہے۔"