پشاور:دہشتگردی سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے خیبرپختونخوا پولیس نے جدید اسلحہ اور آلات کی خریداری کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق فورس کی آپریشنل صلاحیت بڑھانے کے لیے 3 ہزار چھوٹے اور 3 ہزار 250 بڑے ہتھیاروں کو جدید بنانے کے لیے ریلیں خریدی جائیں گی۔
منصوبے کے تحت پولیس کو سرویلنس ڈرونز، اینٹی ڈرون گنز، اسنائپر رائفلیں اور جدید تھرمل ٹی آئی کیمرے فراہم کیے جائیں گے، تاکہ حساس علاقوں میں نگرانی اور دہشتگردی کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
اس کے علاوہ آپریشنل ضروریات کے پیشِ نظر بکتر بند گاڑیاں خریدنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ سرچ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے لیے ایک ہزار اسپارٹا کیمرے جبکہ اہلکاروں کے تحفظ کے لیے مجموعی طور پر 6 ہزار بلٹ پروف جیکٹس بھی خریدی جائیں گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے خیبرپختونخوا پولیس کی استعداد کار میں نمایاں اضافہ ہوگا اور دہشتگردی کے خلاف جاری کارروائیوں کو مزید تقویت ملے گی۔