پی ٹی آئی کی پشاور میں جیل بھرو تحریک کی منصوبہ بندی مکمل

پی ٹی آئی کی پشاور میں جیل بھرو تحریک کی منصوبہ بندی مکمل

پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پشاور میں جیل بھرو تحریک کی منصوبہ بندی مکمل کر لی ہے اور پہلے مرحلے میں چار سابق ارکان صوبائی اسمبلی، ایک ایم این اے اور 100 کارکنان گرفتاریاں دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارکن جیل بھرو تحریک کے سلسلے میں ہشت نگری پر دونوں جانب سے جی ٹی روڈ کو بند کردیں گے جبکہ بی آر ٹی سروس بند نہیں کی جائے گی۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق ورکرز کنونشن کے بعد جی ٹی روڈ پر دھرنا دیا جائے گا جہاں ارکان اسمبلی کے ساتھ 100 کارکنان گرفتاری پیش کریں گے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اشتیاق ارمڑ کا کہنا ہے کہ ہمارا احتجاج پرامن رہے گا اور ہم پولیس کو گرفتاریاں پیش کریں گے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے بدھ 22 فروری سے جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان کر رکھا ہے، ملک کے مختلف شہروں میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کی جانب سے مرحلہ وار گرفتاریاں پیش کی جائیں گی۔

مصنف کے بارے میں