ممبئی: اداکارہ تاپسی پنوں نے حال ہی میں اپنے ماضی کے تنازع پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کنگنا رناوت کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے اور دوستی قائم کرنے کے لیے تیار ہیں۔
تاپسی نے ایک یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ کنگنا کے ساتھ ان کا کبھی ذاتی یا برا تنازع نہیں رہا، البتہ ماضی میں عوامی سطح پر ہونے والی نوک جھونک سے شاید کسی کو فائدہ ضرور ہوا ہو۔
انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ ایک موقع پر رنگولی چنڈیل نے انہیں ’’کنگنا کی سستی کاپی‘‘ کہا تھا۔ تاپسی نے کہا کہ چونکہ وہ کنگنا جتنا پیسہ نہیں کماتیں، اس لیے انہیں سستی کہا گیا، لیکن انہوں نے کبھی اس پر برا نہیں مانا اور کنگنا کے خلاف کچھ بھی نہیں کہا۔
تاپسی سے جب فلم انڈسٹری میں اسٹار کڈز کو ترجیح دینے کے حوالے سے اختلافات اور ممکنہ فائدے کے بارے میں پوچھا گیا، تو انہوں نے کہا کہ انہیں اس کی مکمل تفصیل نہیں معلوم، لیکن کسی نہ کسی طرح کسی کو فائدہ ہوا ہوگا۔
تاپسی نے واضح کیا کہ وہ ماضی کے اختلافات کو پیچھے چھوڑ کر آگے بڑھنا چاہتی ہیں اور اس سلسلے میں دوستی کی پیشکش کی ہے۔
یہ یاد رہے کہ 2020 میں تاپسی اور کنگنا کے درمیان سوشل میڈیا پر کھلی تناؤ کی صورتحال دیکھنے میں آئی تھی، جس دوران کنگنا نے تاپسی اور سوارا بھاسکر کو ’’بی گریڈ اداکارائیں‘‘ اور ’’ضرورت مند آؤٹ سائیڈرز‘‘ قرار دیا تھا۔ تاپسی نے اس پر جواب دیا کہ وہ ذاتی جھگڑوں کی بجائے ایک بہتر اور منصفانہ فلم انڈسٹری کے لیے کام کر رہی ہیں۔