اسلام آباد :نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے عوام کے لیے ایک اہم آگاہی ایڈوائزری جاری کی ہے، جس میں خبردار کیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل سنگین قانونی نتائج کا سبب بن سکتا ہے۔
ایجنسی کے مطابق کسی بھی خبر، پوسٹ یا لنک کو شیئر کرنے سے پہلے تصدیق کرنا انتہائی ضروری ہے، کیونکہ بغیر تحقیق مواد پھیلانا قانون کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔ اعلیٰ عدلیہ یا ریاستی اداروں کے خلاف غیر مصدقہ معلومات یا جھوٹی خبریں پھیلانا قابلِ تعزیر جرم ہے۔
این سی سی آئی اے نے واضح کیا کہ پیکا ایکٹ کے سیکشن 26 اے کے تحت جھوٹی خبریں پھیلانے پر تین سال تک قید اور 20 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ ایجنسی نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ نفرت انگیز مواد اور فیک نیوز سے اجتناب کریں اور سوشل میڈیا کو ذمہ داری کے ساتھ استعمال کریں، تاکہ ڈیجیٹل دنیا کو محفوظ بنایا جا سکے۔