Get Alerts

کیف شدید حملوں کے بعد تاریکی اور سردی میں ڈوب گیا، نصف شہر بجلی سے محروم ہوگیا

کیف شدید حملوں کے بعد تاریکی اور سردی میں ڈوب گیا، نصف شہر بجلی سے محروم ہوگیا

کیف :یوکرین کے دارالحکومت کیف روس کے رات گئے حملوں کے بعد شدید مشکلات کا شکار ہو گیا ہے۔ شہر کا تقریباً نصف حصہ بجلی، پانی اور حرارت سے محروم ہے، جبکہ منفی 14 ڈگری سینٹی گریڈ کی شدید سردی میں ہزاروں رہائشی عمارتیں اور اہم سرکاری دفاتر متاثر ہوئے ہیں۔

شہر کے میئر ویتالی کلیچکو نے بتایا کہ رواں ماہ کے شدید حملوں کی وجہ سے پانچ لاکھ سے زائد افراد دارالحکومت چھوڑ چکے ہیں۔

حملے کے دوران شہر بھر میں سائرن بجتے رہے اور یوکرینی فضائی دفاع نے ڈرونز اور میزائلوں کو روکنے کی کوشش کی۔ شہریوں کی مدد کے لیے کیف انتظامیہ نے مختلف علاقوں میں خیمے نصب کیے ہیں، جہاں لوگ خود کو گرم رکھ سکتے ہیں، موبائل فون چارج کر سکتے ہیں، گرم مشروبات اور نفسیاتی مدد حاصل کر سکتے ہیں۔

یوکرین کے وزیر خارجہ آندری سیبیہا نے روس پر خواتین، بچوں اور بزرگوں کے خلاف جنگی جرائم کا الزام عائد کیا اور بتایا کہ کم از کم سات علاقوں میں توانائی کا انفراسٹرکچر نشانہ بنایا گیا ہے، ساتھ ہی اتحادی ممالک سے فضائی دفاع کو مضبوط کرنے کی اپیل کی۔

صدر ولودیمیر زیلنسکی نے تشویش ظاہر کی کہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے گرین لینڈ سے متعلق بیانات عالمی توجہ کو یوکرین جنگ سے ہٹا سکتے ہیں۔ انہوں نے امریکا اور یورپ کے درمیان سفارتی ہم آہنگی پر زور دیا اور عندیہ دیا کہ ممکنہ طور پر ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت تاخیر کا شکار ہو سکتی ہے، تاہم جنگ کے بعد کے اقتصادی اور سکیورٹی معاہدوں پر پیش رفت کی صورت میں شرکت کا امکان موجود ہے۔

ٹیگز: