کراچی:پاکستان میں خواتین کی آواز کو بلند کرنے اور صنفی مساوات کے فروغ کے لیے کام کرنے والے سب سے بڑے پلیٹ فارمز میں سے ایک، ویمن آف دی ورلڈ (WOW) فیسٹیول، اپنے دس سال مکمل ہونے کے موقع پر WOW پاکستان 2026 کا انعقاد کرے گا۔ یہ دو روزہ فیسٹیول 24 اور 25 جنوری کو بیچ لگژری ہوٹل، کراچی میں منعقد ہوگا اور اس میں خواتین، بچیوں اور خاندانوں کے لیے ثقافتی، تعلیمی اور تفریحی سرگرمیوں کا وسیع سلسلہ پیش کیا جائے گا۔
فیسٹیول کی سرگرمیوں میں فنون لطیفہ، موسیقی، لوک ثقافت، تھیٹر، ماسٹر کلاسز اور پینل ڈسکشنز شامل ہیں۔ اس کے ذریعے خواتین کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار، نظامی رکاوٹوں کو چیلنج کرنے اور اپنی کامیابیوں کا جشن منانے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
برٹش کونسل پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر جیمز ہیمپسن نے کہا کہ ہم WOW پاکستان کے دس سال مکمل ہونے کا جشن منا رہے ہیں۔ خواتین اور بچیوں کو اظہار کے مواقع دینا اور فنون و ثقافت کے ذریعے سماجی تبدیلی لانا WOW کی اصل روح ہے۔ یہ موقع ہمیں یاد دلاتا ہے کہ حقیقی تبدیلی کے لیے ہر آواز کو سنا جانا ضروری ہے۔
WOW پاکستان کی چیئر اور شریک کیوریٹر آمنہ شیخ فاروقی نے کہا "WOW پاکستان کا آغاز خواتین کی آواز کی اہمیت کے ایک مضبوط یقین کے ساتھ کیا گیا تھا۔ اس سال کا موضوع ‘دستک’ ایک واضح پیغام ہے: میں یہاں ہوں۔ دس برس بعد بھی ہم سن رہے ہیں، تخلیق کر رہے ہیں اور ایک ایسے مستقبل کی طرف بڑھ رہے ہیں جو مشترکہ قیادت اور متنوع آوازوں سے بنایا جائے گا۔
WOW فاؤنڈیشن کی بانی اور سی ای او جوڈ کیلی (CBE) نے کہا کہ جب میں نے WOW کی بنیاد رکھی تو میرا خواب تھا کہ یہ پاکستان میں مضبوطی سے جڑ پکڑے۔ آج WOW پاکستان تخلیقی صلاحیت، جرات اور اجتماعی عمل کی روشن مثال بن چکا ہے۔ ہم نہ صرف ماضی کی کامیابیوں کا جشن منا رہے ہیں بلکہ مستقبل کے لیے نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔"
فیسٹیول ہر فرد کے لیے قابل رسائی بنایا گیا ہے، جس میں اشاروں کی زبان، بریل مواد، وہیل چیئر کے لیے راستے اور ریمپس کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔فیسٹیول کے نمایاں پروگراموں میں شامل ہیں۔
افتتاحی سیشن: سینیٹر شیری رحمان، جوڈ کیلی، برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ؛ نظامت: صحافی صدیرا اقبال
کتھک فنکارہ نگہت چوہدری کے رقص کا مظاہرہ
موسیقی کی محفل: نتاشا بیگ اور بابر شیخ
لوک موسیقی: استاد نور بخش
پینل ڈسکشن: "اے آئی اور کوڈڈ عدم مساوات" میزبان: عنبر شمسی
فائر سائیڈ چیٹ: "کینسر، تخلیق اور حوصلہ" انجلین ملک کے ساتھ
سرمایہ کاری پر ماسٹر کلاس: مشعل خان
سندھی فنکاروں کی خصوصی پرفارمنس
عدنان جہانگیر اور صاحبزادیاں: Unfolding – A Celebration That Raised Us
بچوں کے لیے کہانیاں اور گیت: خالد انعم
گروپس تھیٹر کی پرفارمنس
اس سال کا موضوع "دستک: ایک نئی دنیا دروازہ کھٹکھٹا رہی ہے" خواتین کی دس سالہ جدوجہد، قیادت اور تبدیلی کے سفر کی علامت ہے۔ یہ موضوع موجودہ مقام کی پہچان کے ساتھ ساتھ مستقبل کے دروازے کھولنے اور مشترکہ قیادت اور نئے بیانیوں کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
برٹش کونسل WOW فیسٹیول کے ذریعے خواتین کو اپنی آواز بلند کرنے، سماجی رکاوٹوں کو توڑنے اور اپنی کامیابیوں کا جشن منانے کے مواقع فراہم کرتی رہے گی۔