Get Alerts

پاکستان معاشی استحکام کی جانب گامزن، بنیادی اصلاحات سے نئے ترقیاتی مواقع پیدا ہو رہے ہیں: وزیراعظم شہباز شریف

پاکستان معاشی استحکام کی جانب گامزن، بنیادی اصلاحات سے نئے ترقیاتی مواقع پیدا ہو رہے ہیں: وزیراعظم شہباز شریف

ڈیووس :وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مشکل حالات سے نکل کر معاشی استحکام کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے جبکہ سماجی اشاریوں کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ اور مسلسل کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے یہ بات عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر ڈیووس میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملکی نظام میں بنیادی ڈھانچہ جاتی اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں اور ریونیو کلیکشن کا نظام مکمل طور پر ڈیجیٹل کر دیا گیا ہے، جس سے شفافیت اور کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں موجود قدرتی وسائل کی بدولت ترقی کے نئے مواقع سامنے آ رہے ہیں۔

شہباز شریف نے بتایا کہ معدنیات کے شعبے میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری ہو رہی ہے، جو ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ پاکستان کے معاشی تعلقات مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں جبکہ اب امریکا کے ساتھ بھی معاشی روابط کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پائیدار ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور عوامی فلاح کے لیے اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدرآمد جاری رکھے گی۔

ٹیگز: