Get Alerts

 امریکی معیشت مضبوط، دنیا میں تنازعات روکنے میں کردار ادا کیا:ڈیووس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دوٹوک خطاب

 امریکی معیشت مضبوط، دنیا میں تنازعات روکنے میں کردار ادا کیا:ڈیووس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دوٹوک خطاب

ڈیووس :ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کے دورِ صدارت میں امریکی معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بائیڈن کے دور میں امریکا میں سرمایہ کاری نہیں آئی جبکہ ان کی پالیسیوں کے نتیجے میں معیشت دوبارہ مضبوط ہوئی ہے۔

صدر ٹرمپ نے یورپی ممالک پر زور دیا کہ وہ اصلاحات پر توجہ دیں اور کہا کہ بڑھتے ہوئے سرکاری اخراجات، ہجرت اور تجارتی پالیسیوں نے یورپ کو بدل کر رکھ دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپ میں بائیں بازو کی قوتیں مضبوط ہو رہی ہیں اور گرین انرجی کی پالیسیاں یورپی معیشت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو رہی ہیں۔ انہوں نے گرین انرجی کو تاریخ کا سب سے بڑا اسکینڈل قرار دیا۔

امریکی صدر نے کہا کہ امریکا ترقی کرتا ہے تو دنیا ترقی کرتی ہے۔ انہوں نے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں چین پر سبقت حاصل کرنے کا دعویٰ کیا اور کہا کہ امریکا یورپ میں توانائی کے بہتر وسائل اور کم بجلی قیمتیں دیکھنا چاہتا ہے۔

ٹرمپ نے گرین لینڈ کو امریکا کے لیے ایک اہم اسٹریٹجک خطہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا کی سکیورٹی کے لیے اس کی حفاظت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرین لینڈ کی سلامتی کو امریکا کے سوا کوئی اور ملک یقینی نہیں بنا سکتا، تاہم واضح کیا کہ وہ اس معاملے پر طاقت کا استعمال نہیں کریں گے۔

انہوں نے نیٹو پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے اتحاد سے زیادہ فائدہ نہیں اٹھایا، تاہم امریکا نیٹو کے ساتھ سو فیصد کھڑا ہے۔ ٹرمپ نے نیٹو ممالک پر زور دیا کہ وہ اپنے دفاعی نظام کو مضبوط بنائیں۔

اپنے خطاب میں امریکی صدر نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان جنگ رکوانے میں کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار سنبھالنے کے بعد امریکا کی سرحدوں کو مضبوط کیا گیا اور دنیا میں جنگوں کو روکنے کی کوشش کی گئی۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ یوکرین ایک خونی میدان بن چکا ہے اور وہ روس، یوکرین جنگ ختم کروانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس معاملے پر وہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے بات کر رہے ہیں اور جلد یوکرینی صدر زیلنسکی سے ملاقات کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کی ٹیرف پالیسی نے امریکی معیشت کو فائدہ پہنچایا ہے، سرکاری اداروں سے غیر فعال ملازمین کو نکالا گیا اور امریکی معیشت کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

ٹیگز: