پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی میں سینیٹ کی 11 نشستوں پر پولنگ کا عمل جاری ہے ،جس کے بعد الیکٹورل کالج مکمل ہو جائے گا اور 145 ارکان اسمبلی اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں گے۔
سینیٹ انتخابات کے لیے 25 امیدوار میدان میں ہیں، جن میں حکومتی اور اپوزیشن دونوں کے امیدوار شامل ہیں۔ خیبرپختونخوا اسمبلی میں حکومتی ارکان کی تعداد 92 جبکہ اپوزیشن کے ارکان 53 ہیں، جس کے تحت سینیٹ کی 11 نشستوں میں 6 سیٹیں حکومتی جماعت جبکہ 5 اپوزیشن کو ملیں گی۔
سینیٹ کے انتخابات میں 7 جنرل نشستوں کے لیے 14 امیدواروں نے اپنی قسمت آزمانا ہے، جن میں پی ٹی آئی کے مراد سعید، نورالحق قادری، اور فیصل جاوید بھی شامل ہیں، جو آزاد حیثیت میں جنرل نشستوں پر پی ٹی آئی کے امیدوار ہیں۔ اس کے علاوہ مرزا محمد آفریدی آزاد حیثیت سے جنرل نشست پر پی ٹی آئی کے امیدوار ہیں۔ پیپلز پارٹی کے محمد طلحہ محمود اور مسلم لیگ ن کے نیاز احمد بھی جنرل نشستوں پر امیدوار ہیں۔
خواتین کی 2 مخصوص نشستوں پر بھی دلچسپ مقابلہ ہو گا، جہاں پیپلز پارٹی کی روبینہ خالد، پی ٹی آئی کی روبینہ ناز، اور آزاد امیدوار ماہ وش علی خان کے درمیان مقابلہ ہے۔