Get Alerts

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کی ملاقات، جنوبی پنجاب کی ترقی پر گفتگو

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کی ملاقات، جنوبی پنجاب کی ترقی پر گفتگو

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ نے ملاقات کی، جس میں صوبے کی سیاسی صورتحال، جنوبی پنجاب کے ترقیاتی منصوبے اور عوامی فلاحی اقدامات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران ملک ظہیر اقبال چنڑ نے وزیراعلیٰ کی قیادت میں پنجاب میں روڈز کی تعمیر و بحالی کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ "مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبہ ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہے"۔ انہوں نے جنوبی پنجاب میں صحت کی سہولتوں کی فراہمی پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا، خاص طور پر بہاولپور میں برن سنٹر کے قیام کو عوام کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔

ڈپٹی سپیکر نے "فیلڈ ہسپتال"، "کلینک آن ویل" اور "مریم نواز ہیلتھ کلینک پراجیکٹ" جیسے عوام دوست منصوبوں کی تعریف کرتے ہوئے انہیں پنجاب میں صحت کے نظام میں انقلابی تبدیلی قرار دیا۔

اس کے علاوہ، ملک ظہیر اقبال چنڑ نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت شہروں کی یکساں ترقی کے ویژن کو "گیم چینجر" قرار دیا اور ایئر ایمبولنس سروس، فیلڈ ہسپتالز کے قیام اور تجاوزات کے خاتمے کے اقدامات کو قابل ستائش قرار دیا۔

ملاقات میں ایک اور اہم فیصلہ بھی کیا گیا، جس میں بہاولپور میں چلڈرن ہسپتال کے قیام کی اصولی منظوری دی گئی۔ اس منصوبے کو سول ہسپتال کے قریب تعمیر کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے منصوبے کا تفصیلی پلان طلب کرتے ہوئے کہا کہ "پنجاب کی ترقی میرے دل کے بہت قریب ہے"۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ "جنوبی پنجاب کو ترقی کے مرکزی دھارے میں لانا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے اور عوامی فلاح پر مبنی فیصلے میرے وژن کا حصہ ہیں"۔

ڈپٹی سپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ نے اختتام پر کہا کہ "وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب حقیقی ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور عوام دوست فیصلے حکومت کا طرہ امتیاز ہیں"۔

ٹیگز: