کیلیفورنیا : معروف اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس نے اپنی سیریز اور فلموں میں پہلی بار جنریٹو مصنوعی ذہانت (AI) کا استعمال کیا ہے۔ ٹیکنالوجی ذرائع کے مطابق، ارجنٹائن کی نئی سائنس فکشن سیریز "اِل اٹرنوئتا" میں ایک اہم منظر، جہاں ایک عمارت گر رہی ہے، مکمل طور پر جنریٹو اے آئی کے ذریعے تخلیق کیا گیا ہے۔
نیٹ فلکس کے شریک سی ای او ٹیڈ سارینڈوس کا کہنا ہے کہ یہ سین روایتی ویژوئل ایفیکٹس کے مقابلے میں نہ صرف کم لاگت میں بلکہ تیز رفتاری سے اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا گیا۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اے آئی کا مقصد وی ایف ایکس ماہرین کی جگہ لینا نہیں بلکہ ان کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانا ہے۔
نیٹ فلکس کے اندرونی پروڈکشن ہاؤس "آئی لائن اسٹوڈیوز" کا کہنا ہے کہ وہ مصنوعی ذہانت کو ایک تخلیقی ٹول کے طور پر دیکھتے ہیں، جو فنکاروں کے ساتھ مل کر کام کرتا ہے، نہ کہ ان کا متبادل ہے۔
خیال رہے کہ نیٹ فلکس پہلے ہی مختلف شعبوں میں اے آئی استعمال کر رہا ہے، جیسے کہ صارفین کو پسند کے مطابق مواد تجویز کرنا، خودکار اشتہارات بنانا، اور صوتی کمانڈز کے ذریعے مواد تلاش کرنا — جیسے کہ "مجھے دوستی پر مبنی کوئی مزاحیہ فلم دکھاؤ۔"
یہ سیریز ارجنٹائن کی "اِل اٹرنوئتا" ایک مشہور گرافک ناول پر مبنی ہے، اور نیٹ فلکس نے اسے ایک سائنس فکشن تھرلر کے طور پر پیش کیا ہے، جس میں دنیا کے خاتمے جیسے مناظر خصوصی ویژوئل ایفیکٹس کے ساتھ دکھائے گئے ہیں۔