Get Alerts

واٹس ایپ صارفین خبردار! جعلی اکاؤنٹس اور فراڈ پیغامات پر پی ٹی اے کی وارننگ جاری

واٹس ایپ صارفین خبردار! جعلی اکاؤنٹس اور فراڈ پیغامات پر پی ٹی اے کی وارننگ جاری

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے واٹس ایپ صارفین کو مشتبہ نمبروں اور جعلی پیغامات کے ذریعے دھوکہ دہی کے خطرات سے خبردار کرتے ہوئے فوری احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق جعلی واٹس ایپ اکاؤنٹس سے صارفین کو گمراہ کیا جا رہا ہے، جن میں ایسی جھوٹی اطلاع دی جاتی ہے کہ ان کا واٹس ایپ اکاؤنٹ بند ہونے والا ہے۔ اس کے ساتھ ہی سیکیورٹی تصدیق کے بہانے صارفین کو جعلی لنکس پر کلک کرنے کا کہا جاتا ہے، جو کہ ڈیٹا چوری اور اکاؤنٹ ہیکنگ کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔

اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ واٹس ایپ کبھی بھی صارفین کو ایسے پیغامات نہیں بھیجتا، اور ایسے تمام پیغامات مقامی و بین الاقوامی نمبروں سے جعلی ذرائع سے بھیجے جا رہے ہیں۔

پی ٹی اے نے عوام پر زور دیا ہے کہ ایسے مشتبہ پیغامات موصول ہونے پر فوری طور پر مشکوک نمبروں کو بلاک کریں، اور کسی بھی لنک پر کلک نہ کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ واٹس ایپ کی ٹو اسٹیپ ویری فکیشن کو فعال کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے تاکہ اکاؤنٹس کو اضافی تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

صارفین کو مشکوک پیغامات کی اطلاع دینے اور رہنمائی کے لیے واٹس ایپ ہیلپ سینٹر سے رجوع کرنے کی بھی ترغیب دی گئی ہے۔

ٹیگز: