Get Alerts

اسلام آباد میں وقفے وقفے سے بارش، برساتی نالے بپھر گئے، گاڑیاں بھی نالے میں بہنے لگیں

اسلام آباد میں وقفے وقفے سے بارش، برساتی نالے بپھر گئے، گاڑیاں بھی نالے میں بہنے لگیں

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث سیدپور ویلج میں برساتی نالے بپھر گئے اور پانی کے تیز بہاؤ کے باعث کئی گاڑیاں نالے میں بہہ گئیں۔

ترجمان کے مطابق بارش کے دوران سینیٹیشن ٹیمیں نکاسی آب کے لیے کام کر رہی ہیں، تاہم سیدپور میں تجاوزات کی وجہ سے پانی نشیبی علاقوں میں کھڑا بھی ہوا ہے۔

دوسری جانب، نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے جڑواں شہروں اور پوٹھوہار ریجن میں آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران موسلادھار بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق بارش کی مقدار 50 ملی میٹر سے تجاوز کر سکتی ہے، جس کے باعث ممکنہ طور پر پانی کی نکاسی کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ چند روز قبل پنجاب کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں نے شدید تباہی مچائی تھی۔ 17 جولائی کو راولپنڈی میں 15 گھنٹوں کے دوران 230 ملی میٹر بارش ہونے سے ندی نالے بپھر گئے جبکہ چکوال میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد 423 ملی میٹر بارش نے ڈیم کا بند توڑ دیا تھا۔

این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق 26 جون سے 17 جولائی تک مون سون بارشوں کی وجہ سے ملک بھر میں 178 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 491 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

ٹیگز: