مظفرآباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر ان کے لیے دوسرے گھر کی حیثیت رکھتا ہے اور یہاں کے عوام سے انہیں دلی محبت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔
نواز شریف نے مظفرآباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک طویل عرصے بعد آزاد کشمیر کے عوام سے ملاقات ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر اور آزاد کشمیر کے ساتھ ان کا دلی لگاؤ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مظفرآباد میں بھی موٹر وے جیسے منصوبے بننے چاہئیں اور دریائے جہلم کے ساتھ خوبصورت موٹر وے تعمیر کی جانی چاہیے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ کوہالہ سے مظفرآباد تک موجود سڑک کئی سال پرانی ہے، جبکہ ملک میں ہائی ویز بن رہے ہیں تو یہاں بھی بڑے منصوبے مکمل کیے جا سکتے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کے قائد نے کہا کہ مانسہرہ سے مظفرآباد اور میرپور تک موٹر وے منصوبہ آزاد کشمیر کے لیے قیمتی تحفہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مظفرآباد کو پاکستان کا خوبصورت ترین شہر بننا چاہیے۔
نواز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور چاروں صوبوں میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے کبھی تفریق نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہوئی تو آزاد کشمیر کے تمام مسائل اور مشکلات کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر کا بجٹ 10 گنا بڑھائیں گے اور خطے کے چپے چپے میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا جائے گا۔ نواز شریف نے بتایا کہ چند روز میں مظفرآباد کے لیے 10 گرین بسیں پہنچ جائیں گی۔مریم نوازکو بھی مظفرآباد شہر بہت خوبصورت لگتا ہے
انہوں نے کہا کہ ماضی میں وقت ضائع ہوا جس کا انہیں افسوس ہے، تاہم آزاد کشمیر کے عوام کو ترقی اور خوشحالی فراہم کرنے کے لیے کام کیا جائے گا۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ اگر وہ وزیراعظم نہ بھی بن سکے تو ہر تین ماہ بعد آزاد کشمیر آتے رہیں گے۔