چینی وزیرخارجہ انتہائی اہم دورے پر پاکستان آئینگے

چینی وزیرخارجہ انتہائی اہم دورے پر پاکستان آئینگے

اسلام آباد: توقع ہے کہ چینی وزیر خارجہ وانگ یی باہمی دلچسپی کے متعدد اور بالخصوص علاقے میں امن و سلامتی سے متعلق امور کے بارے میں اپنے پاکستانی ہم منصب سے تبادلہ خیال کیلئے ہفتے کو پاکستان کا دورہ کریں گے، توقع ہے کہ خارجہ امور سے متعلق وزیر اعظم کے مشیر سرتاج عزیز سے ملاقات کرنے کے علاوہ چینی وزیرخارجہ امن مشن پر کابل روانہ ہونے سے قبل فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کریں گے۔ 

یہاں کے سرکاری ذرائع نے چین اور پاکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے دفاعی تعلقات کے پس منظر میں ان کے اس دورے کو انتہائی اہم قراردیا ہے ، توقع ہے کہ مذاکرات کے دوران چین۔پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک ) سے متعلق امور بھی زیر غور آئینگے ، چین ، پاکستان اور افغانستان میں اپنے کئی ملین ڈالر کے منصوبو ں کے خوش اسلوبی سے کام کرنے کو یقینی بنانے کیلئے علاقے میں امن کے بارے میں فکر مندہے۔

وزارت خارجہ کے ایک اہلکار نے کہا کہ ” وہ دونوں ممالک میں امن چاہتے ہیں ، وہ ہمیشہ مددگار ثابت ہوئے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ وہ افغانستان کے ساتھ کشیدگی ختم کرنے کیلئے ہماری کوششوں کا ساتھ دے سکتے ہیں ۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں