Get Alerts

اپوزیشن کی بدتمیزی پر بدتمیزی سے جواب دیا جائے گا: عظمیٰ بخاری

اپوزیشن کی بدتمیزی پر بدتمیزی سے جواب دیا جائے گا: عظمیٰ بخاری

لاہور : صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ اپوزیشن اگر ایوان میں بدتمیزی کرے گی تو اسے اسی زبان میں جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایوان کا ماحول بہتر رکھنے کی ذمہ داری تمام جماعتوں پر ہے، مگر اگر حدود پار کی گئیں تو ردعمل بھی ویسا ہی ہوگا۔

پنجاب اسمبلی میں بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پانچ سال میں پہلی بار بجٹ پر بات کرنے کا موقع ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال صوبائی بجٹ کا حجم 800 ارب روپے سے زائد ہے، جس میں عوامی فلاح کے لیے نمایاں اقدامات شامل کیے گئے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ "کلینک آن وہیلز" منصوبے سے ایک سال میں 92 لاکھ افراد نے استفادہ کیا، اور پنجاب میں حالیہ دنوں میں نئے اسپتال قائم کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نظام میں موجود مافیاز کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے، اور ان ملازمین کے خلاف کارروائی کی جو گھر بیٹھے تنخواہیں لے رہے تھے۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ مریم نواز کا ترقیاتی ماڈل شفاف اور غیرجانبدار ہے۔ "ہم نے کسی طالبعلم سے یہ نہیں پوچھا کہ وہ کس جماعت کو سپورٹ کرتا ہے، صرف قابلیت کی بنیاد پر اسکالرشپس دی جا رہی ہیں۔"

اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا، "وہ لوگ جنہوں نے شہروں کو برباد کیا، آج ہمیں ترقی کا درس دے رہے ہیں۔ مریم نواز اب دیہات کو آباد کر رہی ہیں، اور ہم بے ہودہ زبان یا گالم گلوچ برداشت نہیں کریں گے۔"

انہوں نے سید علی حیدر گیلانی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ "جنوبی پنجاب کارڈ کل ایک بھائی نے کھیلا، اور وہ جماعت جو 100 دن میں جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کا دعویٰ کرتی تھی، آج ہم سے سوال کر رہی ہے۔"

جنوبی پنجاب میں حکومت کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ "تونسہ کے لیے کھچی کینال، مظفرگڑھ میں شرمپ فارمنگ، لیہ میں پہلا میڈیکل کالج، اور یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز جیسے منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔"

انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی کے خاتمے کے لیے ہفتہ وار چار اجلاس ہوتے ہیں، جن کی خود وزیر اعلیٰ نگرانی کرتی ہیں۔ "وہ سبزیوں، آلو، پیاز اور ٹماٹر کی قیمتیں بھی کم کرائیں گی۔"

ٹیگز: