Get Alerts

’دہشت گردی کے پشت پناہوں سے رعایت نہیں، صرف عید کا سیز فائر ہے‘: وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا دوٹوک اعلان

’دہشت گردی کے پشت پناہوں سے رعایت نہیں، صرف عید کا سیز فائر ہے‘: وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا دوٹوک اعلان

سیالکوٹ : وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے واضح کیا ہے کہ افغانستان میں دہشت گردی کی پشت پناہی کرنے والی قوتوں کے خلاف آپریشن ختم نہیں ہوا، بلکہ عید الفطر کے احترام میں صرف عارضی 'سیز فائر' کیا گیا ہے۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کا فتنہ ابھی مکمل طور پر ختم نہیں ہوا، یہ ایک مسلسل جنگ ہے جو اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ آج قوم جس امن و سکون کے ساتھ عید منا رہی ہے، وہ ہمارے شہداء اور غازیوں کے لہو کا ثمر ہے، لہٰذا خوشی کے ان لمحات میں ان کے خاندانوں کو یاد رکھنا ہمارا قومی فریضہ ہے۔
وزیرِ دفاع نے بین الاقوامی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلم ممالک کے درمیان تفرقہ بازی کا براہِ راست فائدہ صرف اسلام دشمن قوتوں کو پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ عید کی دعاؤں میں غزہ اور سوڈان کے مظلوم مسلمانوں کو خصوصی طور پر یاد رکھا جائے اور دعا کی کہ عرب ممالک کے تمام معاملات خوش اسلوبی سے طے پائیں۔
خواجہ آصف نے طلال چودھری کے بیان کی تائید کرتے ہوئے واضح کیا کہ سرحد پار سے دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والی افغان حکومت کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ پاکستان اپنی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ عید کے بعد دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں دوبارہ اسی شدت سے شروع کی جائیں گی۔

ٹیگز: