اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک میں توانائی کی بچت کے لیے ہنگامی اقدامات کا اشارہ دے دیا ہے۔ وفاقی وزراء نے خبردار کیا ہے کہ خطے کی موجودہ کشیدگی کے باعث آنے والے دنوں میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مزید بڑھ سکتی ہیں، جس سے نمٹنے کے لیے اب حکومت اور عوام کو مل کر بچت کا لائحہ عمل بنانا ہوگا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے انکشاف کیا کہ عالمی سطح پر قیمتوں میں اضافے کے باوجود حکومت نے اس ہفتے عوام پر بوجھ نہیں ڈالا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیزل کی قیمت میں 250 روپے کا ممکنہ اضافہ روکا گیا ہے،پیٹرول کی قیمت میں 150 روپے تک کا بھاری اضافہ فی الحال ٹال دیا گیا ہے۔وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے عید کی خوشیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے اپنی ٹیم کی مراعات میں کٹوتیاں کر کے کفایت شعاری کی بنیاد رکھ دی ہے اور اب صوبائی حکومتوں کی مشاورت سے ایک ایسا مضبوط نظام وضع کیا جائے گا جس سے ملک کو اس بحران سے نکالا جا سکے۔
حکام کے مطابق عالمی منڈی کے حالات کے پیشِ نظر تیل کی بچت کو ہر حال میں ممکن بنانا ہوگا تاکہ کمزور طبقے کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ وزراء نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے توانائی کے استعمال میں احتیاط برتیں تاکہ قومی معیشت پر پڑنے والے بوجھ کو کم کیا جا سکے۔