انڈین حکومت نے طلبہ کو سمارٹ‌ فون دینے کا اعلان کردیا

انڈین حکومت نے طلبہ کو سمارٹ‌ فون دینے کا اعلان کردیا

نئی دہلی: انڈیا میں اب حکومت کی جانب سے طلبہ کو سمارٹ فون ملیں گے، یہ فیصلہ بھارتی ریاست تریپورہ کی جانب سے کیا گیا ہے۔

انڈین میڈیا کے مطابق تریپورہ گورنمنٹ کی جانب سے اس سلسلے میں ریاست میں قائم تمام کالجوں اور یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم طلبہ کے کوائف اکھٹے کر لئے گئے ہیں۔ جن طلبہ کو سمارٹ فونز دیئے جائیں گے ان کی تعداد کم از کم 15 ہزار بنتی ہے۔

تریپورہ گورنمنٹ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اس وقت ریاست میں چالیس سرکاری سکولز، دو یونیورسٹیاں جبکہ 22 کالجز میں طلبہ کو تعلیم دی جا رہی ہے۔ ان طلبہ کو موبائل فونز دینے کا فیصلہ اس لئے کیا گیا ہے کیونکہ کورونا کی وجہ سے گزشتہ ڈیڑھ سال میں ان کی پڑھائی کا بہت حرج ہوا ہے۔

حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ طلبہ کو سمارٹ فونز دینے کے بعد ان کیلئے آن لائن تعلیم حاصل کرنا آسان ہو جائے گا۔

اس سلسلے میں ریاست تریپورہ کے وزیر تعلیم رتن لال ناتھ نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے انتخابات میں وعدہ کیا تھا کہ ہم ہر طالبعلم کو موبائل کی سہولت فراہم کریں گے، اب کورونا کی وجہ سے بھی اس وعدے کو پورا کرنا لازم ہو چکا ہے، تمام طلبہ کو جلد از جلد موبائل فونز کی سہولت فراہم کر دی جائے گی۔

وزیر تعلیم رتن لال ناتھ کا کہنا تھا کہ اس کیلئے خصوصی طور پر وزیراعلیٰ سکیم جاری کی گئی کے جس کے ذریعے تمام منتخب سکولوں، کالجوں اور جامعات کو فنڈز جاری کئے جائیں گے۔ اس فنڈ کے ذریعے ریاست کے ہر طالبعلم کو فی کس پانچ ہزار دیئے جائیں گے تاکہ وہ خود سے اپنا سمارٹ فون خرید سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سکیم کا آغاز گزشتہ سال ہی کر دیا گیا تھا لیکن وہ صرف محدود پیمانے پر تھا لیکن اب اس کو ریاستی سطح پر بڑھانے کا فیصلہ ہو چکا ہے۔