حکومت کا بجلی 1 روپے 72 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کا فیصلہ

حکومت کا بجلی 1 روپے 72 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کا فیصلہ
کیپشن: حکومت کا بجلی 1 روپے 72 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کا فیصلہ
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عوام پر ایک بم گرا دیا۔ بجلی 1 روپے 72 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی کابینہ نے بجلی 1 روپے 72 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی، وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے سمری کی منظوری دی، بجلی 3 مختلف سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی مد میں مہنگی کرنے کی منظوری دی گئی۔

وفاقی کابینہ نے مالی سال 2020 کی چوتھی سہہ ماہی کی مد میں بجلی 82 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری  دی، مالی سال کی پہلی، دوسری سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی مد میں بجلی 90 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دی گئی۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق اکتوبر 2021 سے کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے فروری کے لیے سابقہ واپڈا ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکو) کے لیے بجلی کی قیمتوں میں 64 پیسے فی یونٹ اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا۔ 

بجلی کے شعبے کو 4 ارب 40 کروڑ روپے اضافی محصول وصول ہوگا۔ فروری میں استعمال ہونے والی بجلی کے لیے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) کی وجہ سے اس اضافے کی اجازت دی گئی۔