نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے بھارت کی بڑھتی ہوئی بحری سرگرمیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت خطے میں غیر متوازن طاقت بننے کی کوشش کر رہا ہے اور اس کی بحری توسیع پسندی خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔
سلامتی کونسل میں بحری سلامتی سے متعلق مباحثے کے دوران خطاب کرتے ہوئے عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ "یہ انتہائی تشویشناک امر ہے کہ ایک بڑی طاقت غیر محدود علاقائی بالادستی کے خواب دیکھ رہی ہے۔ بھارت اپنی بحری صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ کر رہا ہے اور اہم آبی گزرگاہوں پر غلبہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔"
انہوں نے کہا کہ بھارت پڑوسی ممالک کو علاقائی تعاون کے فورمز، خاص طور پر انڈین اوشین رم ایسوسی ایشن (IORA) سے باہر نکالنے کی کوشش کر رہا ہے، جو خطے میں یکطرفہ پالیسیوں کے فروغ کی نشاندہی کرتا ہے۔
پاکستانی مندوب نے بھارت پر دریاؤں کو بطور "ہتھیار" استعمال کرنے کا الزام بھی عائد کیا اور کہا کہ بھارت آبی وسائل پر قبضے کی کوشش میں بین الاقوامی معاہدوں کی صریح خلاف ورزی کر رہا ہے۔ انہوں نے اس طرز عمل کو "تشویشناک اور عدم تعاون پر مبنی" قرار دیا۔