اسلام آباد: مس یونیورس پاکستان 2025 روما ریاض نے اپنی سیاہ رنگت پر ہونے والی تنقید کے جواب میں کہا ہے کہ تبدیلی ہمیشہ مزاحمت کے بغیر نہیں آتی، لیکن ہر قدم اگلی لڑکی کے لیے نئے دروازے کھولتا ہے۔
انسٹاگرام پر بیان دیتے ہوئے روما ریاض نے کہا، "میری رنگت پاکستان کی مٹی جیسی ہے، جس مٹی سے ہماری فیملیز اور قوم نے اپنے گھر بنائے اور اپنی شناخت سنبھالی۔ میں صرف اپنی نمائندگی نہیں کر رہی بلکہ نئی نسل کی آواز ہوں، جو سماجی اور ثقافتی رکاوٹیں توڑ کر خواتین کو بااختیار بنانا چاہتی ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ ہر انٹرویو اور ہر موقع پر وہ فخر سے کہتی ہیں کہ پاکستانی لوگ ہماری شان ہیں، اور دنیا بھر سے موصولہ سپورٹ ان کے لیے حوصلہ افزا ہے۔ روما ریاض نے اس لمحے کو ہر جنوبی ایشیائی لڑکی کے لیے اہم قرار دیا اور تمام سپورٹرز کا شکریہ ادا کیا۔