لاہور :سینئر وزیرِ پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بچوں کے تحفظ کے حوالے سے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا کردار قابلِ تحسین ہے، اور پنجاب ملک کا پہلا صوبہ بننے جا رہا ہے جہاں باقاعدہ چائلڈ پروٹیکشن پالیسی متعارف کرائی جا رہی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بچوں کا تحفظ معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو بے سہارا بچوں کو محفوظ ماحول اور معیاری تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف پروگراموں کے ذریعے بچوں کے حقوق سے متعلق شعور بھی اجاگر کر رہا ہے۔
مریم اورنگزیب نے مزید بتایا کہ چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے متعدد اقدامات جاری ہیں جبکہ ساؤتھ پنجاب میں سکول نیوٹریشن پروگرام بھی شروع کیا جا چکا ہے تاکہ بچوں میں غذائی قلت پر قابو پایا جا سکے۔ان کا کہنا تھا کہ صوبے بھر کے بھٹوں کی جیومیپنگ اور کیو آر کوڈنگ مکمل ہو چکی ہے اور روایتی طریقے سے اینٹیں بنانے والے بھٹوں کو بتدریج ختم کیا جا رہا ہے۔ سرکاری عمارتوں کی تعمیر بھی مرحلہ وار بلاک بیسڈ ماحول دوست ٹیکنالوجی پر منتقل کی جارہی ہے۔
مریم اورنگزیب نے سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے اقدامات کو بھی سراہا، جنہوں نے بھٹوں پر بچوں سے مزدوری کے خاتمے کے لیے نمایاں اقدامات کیے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار سال تک یہ شعبہ نظر انداز رہا، تاہم وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شہباز شریف کی پالیسیوں کو بحال کرتے ہوئے مزید مضبوط کیا۔
انہوں نے بتایا کہ امریکی کانگریس کے پاکستان کاکس نے بھی وزیراعلیٰ مریم نواز کے وژن اور بچوں کے تحفظ سے متعلق اقدامات کو سراہا ہے۔ مریم اورنگزیب کے مطابق جبری مشقت کا خاتمہ اور ماحول دوست صنعتوں کا فروغ مریم نواز کے ترقیاتی ایجنڈے کا اہم حصہ ہیں۔