ضمنی انتخابات،این اے 247، پی ایس 111 اور پی کے 71 میں پولنگ کا سلسلہ جاری

ضمنی انتخابات،این اے 247، پی ایس 111 اور پی کے 71 میں پولنگ کا سلسلہ جاری
کیپشن: فائل فوٹو

کراچی:ضمنی انتخابات کے سلسلہ میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 247، سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 111 اور خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقے پی کے 71 پر پولنگ جاری ہے، جو شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 247 پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی جبکہ پی ایس 111 پر گورنر سندھ عمران اسماعیل فاتح قرار پائے تھے تاہم عارف علوی اور عمران اسماعیل کے منصب سنبھالنے کے بعد یہ نشستیں خالی ہوئیں جن پر آج ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ ہورہی ہے۔


پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے این اے 247 پر ا?فتاب صدیقی، ایم کیو ایم کی طرف سے صادق افتخار، پیپلزپارٹی کی جانب سے قیصر نظامانی اور پاک سرزمین پارٹی کے ارشد وہرہ میدان میں ہیں۔


دوسری جانب پی ایس 111 پر تحریک انصاف کے شہزاد قریشی، پی ایس پی کے یاسرالدین، ایم کیو ایم پاکستان کے جہانزیب مغل، پیپلزپارٹی کے فیاض پیرزادہ اور آزاد امیدوار جبران ناصر میدان میں ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق این اے247 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 5 لاکھ 46 ہزار 451 اور پی ایس 111 میں ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 78ہزار 965 ہے۔


الیکشن کمیشن نے بتایا کہ این اے 247 کے لیے 240 پولنگ اسٹیشنز اور پی ایس 111 کے لیے 80 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔پشاور میں خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقے پی کے 71 کی نشست گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے عہدہ سنبھالنے کے بعد چھوڑی تھی۔


اس حلقے پر ضمنی الیکشن کے سلسلے میں گورنر خیبر پختونخوا کے بھائی سمیت 5 امیدوار مدمقابل ہیں۔شاہ فرمان کے بھائی ذوالفقار خان کا اصل مقابلہ عوامی نیشنل پارٹی کے صلاح الدین سے ہے جبکہ تین آزاد امیدوار بھی انتخابی دنگل میں حصہ لے رہے ہیں۔


نواحی دیہات پر مشتمل اس حلقے کی سرحدیں سابقہ خیبر ایجنسی سے ملتی ہیں۔اس حلقے میں کل ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 33 ہزار 451 ہے جن میں مرد ووٹرز 79ہزار 836 اور خواتین ووٹرز 53 ہزار 615 ہیں۔


اسی طرح حلقے میں کل پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 86 ہے جن میں 48 مردوں اور 35 خواتین کے لیے ہیں۔ اس حلقے کے 51 پولنگ سٹیشنز کو حساس ترین قرار دیا گیا ہے۔