Get Alerts

طورخم بارڈر جلد آمدورفت کیلئے کھولے جانے کا امکان

طورخم بارڈر جلد آمدورفت کیلئے کھولے جانے کا امکان

اسلام آباد : پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات کے بعد طورخم بارڈر کھولنے کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق، نیشنل لاجسٹک سیل (این ایل سی) حکام نے امپورٹ اور ایکسپورٹ سکینرز دوبارہ نصب کر دیے ہیں، اور بارڈر پر صفائی اور بحالی کا کام بھی جاری ہے۔ اس کے علاوہ، کسٹم اور دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکاروں کی ڈیوٹیاں بھی تعینات کر دی گئی ہیں۔

بارڈر حکام کا کہنا ہے کہ کسٹم کا عملہ طورخم بارڈر پر موجود ہے، اور جیسے ہی اعلیٰ حکام سے اجازت ملے گی، بارڈر کھول دیا جائے گا۔ اس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان باضابطہ قافلوں کی آمدورفت شروع ہو جائے گی۔

یاد رہے کہ پاک افغان طورخم بارڈر گزشتہ نو دن سے بند ہے، جس کی وجہ سے تجارت اور پیدل آمدورفت معطل ہو گئی تھی۔ چمن، طورخم، غلام خان اور انگور اڈا پر سیکڑوں مال بردار گاڑیاں پھنس گئی ہیں، جس کے باعث سامان خراب ہونے کا خدشہ پیدا ہو چکا ہے۔ اس کے علاوہ، کوئٹہ سے چمن جانے والی پسنجر ٹرین سروس بھی پانچ روز سے معطل ہے۔

طورخم بارڈر کھولنے سے نہ صرف تجارت میں آسانی ہو گی بلکہ دونوں ملکوں کے درمیان نقل و حرکت کا عمل بھی دوبارہ شروع ہو سکے گا، جس کا براہ راست اثر علاقے کی معیشت پر پڑے گا۔

ٹیگز: